وزیر اعظم عمران خان نے سگریٹ اور کولڈڈرنک پر ہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی حتمی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم کے فوکل پرسن انسداد تمباکو نوشی بابر عطا نے تصدیق کردی، بیس سگریٹ والے پیکٹ پر 10 روپے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بابر عطا کا کہنا ہے کہ کاربونیٹد ڈرنکس پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، 250 ملی لیٹر کی کولڈ ڈرنک کی بوتل پر ایک روپیا ہیلتھ ٹیکس لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہیلتھ ٹیکس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا جبکہ اس سے حاصل ہونے والا ٹیکس صحت کارڈ کے ذریعے غریبوں پر خرچ ہو گا۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹیکس لگائے جارہے ہیں، اس ٹیکس سے 40 سے 50 ارب روپے کے وسائل حاصل ہوں گے۔